منگل , جنوری 27 2026

پی سی بی کا مزاحیہ مگر طنزیہ پروموشنل ویڈیو جاری

پاکستان کی مہمان نوازی اور ‘ہینڈ شیک’ تنازع پر بھارت نشانہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف آنے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ایک مزاحیہ مگر طنزیہ پروموشنل ویڈیو جاری کی ہے، جس میں پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کو اجاگر کیا گیا ہے جبکہ بھارتی ٹیم کے حالیہ ‘نو ہینڈ شیک’ رویے پر بھی طنز کیا گیا ہے۔

اس پرومو ویڈیو میں ایک آسٹریلوی سیاح کو پاکستان کا دورہ کرتے دکھایا گیا ہے۔ پہلے منظر میں سیاح بادشاہی مسجد کا دیدار کرتا ہے اور پھر ایک ریسٹورنٹ میں اسے رنگ برنگی پاکستانی ڈشز پیش کی جاتی ہیں۔

بل دیکھ کر سیاح پریشان ہوتا ہے کہ اتنا بھاری بل کون ادا کرے گا، تو اسے بتایا جاتا ہے کہ “آغا جی” نے ادا کر دیا ہے۔ یہاں “آغا جی” سے مراد پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا ہیں۔

پاکستانی اسپنر ابرار احمد بھی سیاح کو کھانے سے لطف اندوز ہونے کی ترغیب دیتے نظر آتے ہیں۔دوسرے اہم منظر میں آسٹریلوی سیاح ٹیکسی میں سفر کرتا ہے۔

ٹیکسی ڈرائیور کرایہ لینے سے انکار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ مہمانوں سے پیسے نہیں لیتے۔ تاہم جب سیاح مصافحہ کیے بغیر آگے بڑھتا ہے تو ڈرائیور مزاحیہ انداز میں کہتا ہے: “ہینڈ شیک بھول گئے آپ، لگتا ہے پڑوسیوں کے پاس بھی رکے تھے۔”

یہ جملہ براہ راست 2025 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے پاکستانی کھلاڑیوں سے پوسٹ میچ ہاتھ نہ ملانے کے فیصلے کی طرف اشارہ کر رہا ہے، جو بعد میں بھارتی خواتین اور جونیئر ٹیموں نے بھی اپنایا تھا۔

اس رویے پر آسٹریلوی کھلاڑیوں نے بھی مذاق اڑایا تھا اور یہ تنازع کافی زیر بحث رہا۔ویڈیو کے آخر میں سلمان آغا یہ پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم نہایت مہمان نواز ہے، مگر جب میدان کرکٹ کی بات آتی ہے تو وہ مکمل طور پر مقابلے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

یہ پرومو جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور بھارتی صارفین میں خاصی ناراضی دیکھی گئی، جبکہ پاکستانی فینز نے اسے سراہا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 29 جنوری سے لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگی۔ دوسرا میچ 31 جنوری اور تیسرا یکم فروری کو شیڈول ہے۔ یہ سیریز 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اہم گرم جوشی کا موقع فراہم کرے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

‘سانول یارپیا’ کے خوشگوار اختتام پر فینز تقسیم

جیو ٹی وی کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا پرائم ٹائم ڈرامہ سیریل سانول …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے