منگل , جنوری 27 2026

ملک بھر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سسٹم پاکستان میں داخل ہو چکا ہے جو آج (22 جنوری) سے 24 جنوری تک ملک کے بیشتر حصوں کو متاثر کرے گا۔ اس دوران بالائی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع سوات، چترال، دیر، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، شانگلہ، باجوڑ، مردان اور مالاکنڈ میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں میں بھی شدید برفباری متوقع ہے جہاں ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک ممکن ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری سے سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔

بلوچستان کے 25 اضلاع میں بارش جبکہ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب اور دیگر علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں بشمول کراچی میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس موسم کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، برفانی تودے گرنے اور ندی نالوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، محفوظ مقامات پر رہیں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے سرکاری ذرائع پر نظر رکھیں۔

NDMA اور متعلقہ اداروں نے ہائی الرٹ جاری کر رکھا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی سطح تک گر سکتا ہے۔

شہریوں سے گزارش ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گرم لباس کا استعمال یقینی بنائیں۔ موسم کی تازہ ترین معلومات کے لیے پاکستان محکمہ موسمیات کی آفیشل ویب سائٹ یا میڈیا سے رابطہ رکھیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے