
محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ آج (21 جنوری) سے 24 جنوری تک ایک طاقتور مغربی موسمی نظام ملک کے بالائی علاقوں سمیت مختلف حصوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
اس سسٹم کے تحت خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے جبکہ فلیش فلڈ کا سنگین خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش کے ساتھ برفباری ہو سکتی ہے، خاص طور پر دریائے کابل اور اس کے معاون ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔
فیڈرل فلڈ کمیشن نے سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، بونیر، شانگلہ، کوہستان اور دیگر متاثرہ اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے، حساس مقامات کی نگرانی کرنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے بارش اور برفباری کا امکان ہے، جہاں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے موٹر ویز اور اہم شاہراہوں پر آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی اور موسم سرد اور نم رہے گا۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین موسم کی اطلاع پر نظر رکھیں، محفوظ مقامات پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ کریں۔ یہ موسمی سلسلہ ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ کر سکتا ہے۔
UrduLead UrduLead