
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام ہونے والے آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی ٹیم کے بھارت نہ جانے کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کے میچز کی میزبانی میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
پی سی بی کے ذرائع کے مطابق اگر سری لنکا کے کرکٹ میدان دستیاب نہ ہوں تو پاکستان کے تمام بڑے وینیوز بنگلادیش کے میچز کرانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ویمن کوالیفائر کامیابی سے منعقد کیے ہیں، اس تجربے کی بنیاد پر ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز بھی باآسانی منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں اپنی ٹیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس معاملے میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ فی الحال آئی سی سی کے حتمی جواب کا انتظار کر رہا ہے کہ آیا بھارت سے بنگلادیش کے میچز کو کسی دوسرے ملک میں منتقل کیا جائے گا یا نہیں۔
پی سی بی ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام کرکٹ اسٹیڈیمز جدید سہولیات اور بہترین سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ کے معیار کے میچز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر مستعد ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ آئی سی سی اس حساس معاملے میں کیا فیصلہ کرتی ہے اور بنگلادیش کے میچز کی میزبانی کا حق کس ملک کو ملتا ہے۔
UrduLead UrduLead