
پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق منگل 6 جنوری 2026 کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی اور مطلع جزوی ابر آلود رہا۔ مری میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسکردو اور مری میں ہلکی برف باری بھی ہوئی۔
پنجاب، زیریں خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے متعدد اضلاع میں گھنی دھند چھائی رہی جس سے حد نگاہ صفر تک گر گئی۔آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں لہہ منفی 10، اسکردو منفی 07، کالام منفی 06، استور منفی 04، پاراچنار، گوپس، مالم جبہ اور کوئٹہ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین اپ ڈیٹ: دھند کی وجہ سے موٹر ویز بندشدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس (این ایچ ایم پی) نے حفاظتی اقدامات کے طور پر متعدد موٹر ویز سیکشنز کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ متاثرہ سیکشنز میں شامل ہیں:
- ایم-2 (لاہور سے کوٹ مومن تک)
- ایم-3 (مختلف حصے جیسے درخانہ سے فیض پور، جڑانوالہ سے رجانہ)
- ایم-4 (پنڈی بھٹیاں سے ملتان، فیصل آباد سے گوچرا تک)
- ایم-5 (ملتان سے سکھر/روہڑی، ظاہر پیر تک)
- ایم-11 (لاہور سے سیالکوٹ/سمبریال تک)
موٹر ویز پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ بندشیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دن کے اوقات (صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک) میں سفر کو ترجیح دیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے اجتناب کریں اور آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے موٹر ویز پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔دھند کے باعث فضائی اور ریل ٹریفک بھی متاثر ہو رہا ہے، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ ہو چکی ہیں۔ این ڈی ایم اے نے جنوبی اور وسطی پنجاب میں آئندہ دنوں میں بھی شدید دھند کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔
UrduLead UrduLead