جمعہ , دسمبر 26 2025

کسٹمز انفورسمنٹ کراچی: 6 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے 803 اسمگل شدہ موبائل فونز ضبط

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کلیٹرکٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) نے جمعرات کی الصبح خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی میں تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فونز کی بڑی کھیپ ضبط کر لی۔

مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ بلوچستان سے ایک مزدا ٹرک کے ذریعے کراچی کی طرف اسمگل شدہ موبائل فونز منتقل کیے جا رہے ہیں۔ اس اطلاع پر اے ایس او کی ٹیموں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شہر کے اہم مقامات پر سادہ لباس میں اہلکار تعینات کر دیے۔

سکران روڈ کی طرف سے آنے والے مزدا ٹرک (رجسٹریشن نمبر NAF-859) کو ہمدرد چیک پوسٹ پر روکا گیا اور تفصیلی تلاشی کے لیے سی پی ایف گودام منتقل کر دیا گیا۔ گاڑی کے خفیہ خانوں کی تلاشی کے دوران مختلف برانڈز کے کل 803 موبائل فونز برآمد ہوئے، جن میں آئی فون، ویوو، گوگل پکسل، انفینکس اور اسپارک شامل ہیں۔

ضبط شدہ موبائل فونز کی مجموعی مالیت تقریباً 6 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ مزدا ٹرک کی قیمت تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ اس طرح کیس کی کل مالیت تقریباً 8 کروڑ 70 لاکھ روپے بنتی ہے۔

ٹرک ڈرائیور اور اس کے ہیلپر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور متعلقہ قوانین کے تحت ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی انسدادِ اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خاتمے کے لیے ادارے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

قدرتی دھوپ سینکنا ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں میں بلڈ شوگر کنٹرول کرنے میں مددگار: نئی تحقیق

نیدرلینڈز کی ماسٹرخ یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے محققین کی ایک نئی تحقیق کے مطابق، ٹائپ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے