ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام “11th Hour” میں میزبان وسیم بادامی کے ساتھ لائیو ویڈیو لنک پر موجود وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی کال اچانک منقطع ہو گئی، جس سے ناظرین اور اینکر دونوں حیران رہ گئے۔
واقعہ 25 دسمبر کی رات تقریباً 11 بج کر 16 منٹ پر پیش آیا۔احسن اقبال پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کے موضوع پر گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک ایک نامعلوم شخص کمرے میں داخل ہوا۔
احسن اقبال نے نظریں اٹھا کر اس شخص کو دیکھا، اسی دوران ایک مردانہ آواز سنائی دی جس میں کہا گیا “بند کرو، بند کرو اسے”۔ اس شخص نے موبائل فون کو بند کرنے کی کوشش کی، جبکہ احسن اقبال نے ہڑبڑاہٹ میں فون اٹھایا اور ویڈیو کال منقطع ہو گئی۔
اس غیر متوقع واقعے سے پروگرام کے اینکر وسیم بادامی بھی پریشان نظر آئے۔ انہوں نے لائیو نشریات کے دوران ناظرین سے کہا کہ وہ احسن اقبال کے مقام پر ہونے والے معاملے کی تفصیلات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ سب ٹھیک ہو گا۔
اس کے بعد پروگرام کمرشل بریک پر چلا گیا۔تقریباً سات منٹ بعد پروگرام دوبارہ شروع ہوا، تاہم احسن اقبال اس وقت شو میں واپس نہیں آئے اور مہمان بھی تبدیل ہو چکے تھے۔ رات 11 بج کر 46 منٹ پر احسن اقبال نے پروگرام دوبارہ جوائن کیا۔
وسیم بادامی کے سوال پر انہوں نے مختصر جواب دیا کہ “ذرا کوئی مسئلہ ہو گیا تھا، لیکن اب سب ٹھیک ہے”۔دوسری طرف وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے احسن اقبال سے رابطہ کیا ہے۔
احسن اقبال کے مطابق گھر میں فیملی گیٹرنگ تھی اور بچے اچانک اسٹڈی روم میں دوڑتے ہوئے داخل ہو گئے تھے، جس سے یہ ہنگامہ ہوا۔ اب سب کچھ ٹھیک ہے اور احسن اقبال نے پروگرام دوبارہ جوائن کر لیا ہے۔
اس واقعے کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، تاہم سرکاری وضاحت کے مطابق یہ ایک گھریلو معاملہ تھا۔
UrduLead UrduLead