
ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ 2025-26 کے افتتاحی مرحلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کو چوتھے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا جب میزبان ارجنٹائن نے گرین شرٹس کو واضح برتری سے ہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، ارجنٹائن نے پاکستان کو 5-1 کے اسکور سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل چوتھی ہار یقینی بنا دی۔ پاکستانی ٹیم اب تک لیگ میں کوئی میچ نہ جیت سکی اور تمام چار مقابلوں میں ناکام رہی۔
پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن نیدرلینڈز نے پاکستان کو 5-2 سے، دوسرے میچ میں ارجنٹائن نے 3-2 سے، تیسرے میچ میں نیدرلینڈز نے 7-3 سے اور چوتھے میچ میں ایک بار پھر ارجنٹائن نے پاکستانی ٹیم کو 5-1 سے شکست دی۔
چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم دفاع اور حملوں کی حکمت عملی میں کمزور نظر آئی جبکہ ارجنٹائن نے کھیل پر مکمل غلبہ رکھتے ہوئے واضح فتح حاصل کی۔
مسلسل ناکامیوں کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کے مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کی حکمت عملی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیم کو دفاع مضبوط کرنے اور پنالٹی کارنرز کا بہتر استعمال سیکھنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان اب پرو لیگ کے اگلے مرحلے کی تیاری کرے گا جہاں گرین شرٹس کو اپنی کارکردگی بہتر کر کے پوائنٹس حاصل کرنے ہوں گے۔
UrduLead UrduLead