
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 8 اور 9 دسمبر 2025 کے لیے شہریوں کی رہنمائی کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ان دونوں دنوں مخصوص اوقات میں دارالحکومت کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ معمول سے زیادہ رہے گا۔
8 دسمبر کو دن 11 بجے سے 12 بجے تک، جبکہ 9 دسمبر کو رات 9 بجے سے 10 بجے تک فیصل ایونیو، ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سمیت دیگر مرکزی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے استعمال کریں۔
ریڈ زون کے ایکسپریس چوک اور میریٹ گیٹ کو بند رکھا جائے گا، جبکہ ریڈ زون میں داخلے کے لیے سرینا چوک، نادرا چوک اور مارگلہ روڈ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والوں کے لیے راول روڈ، نائنتھ ایونیو، فقیر ایپی روڈ اور سری نگر ہائی وے تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والوں کو زیرو پوائنٹ اور سری نگر ہائی وے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مری اور بارہ کہو سے آنے والے مسافروں کو کورنگ روڈ، بنی گالہ اور پارک روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹی پر موجود رہیں گے تاکہ شہریوں کی رہنمائی کر سکیں۔
شہریوں کی سہولت کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ناکوں پر ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کی صورت میں لرنر پرمٹ بنا کر دینے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
UrduLead UrduLead