ہفتہ , دسمبر 6 2025

سردیوں کی بہترین سوغات: سرسوں کا ساگ صحت کے لیے بے شمار فوائد کا حامل

پاکستان میں سردیوں کا موسم ساگ کے بغیر ادھورا سمجھا جاتا ہے، بالخصوص سرسوں کا ساگ ہر گھر کی پسندیدہ ڈش بن جاتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق سرسوں کا ساگ نہ صرف ذائقے میں لذیذ ہے بلکہ غذائیت سے بھرپور ہونے کی وجہ سے انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید بھی ہے۔ اس میں وافر مقدار میں وٹامنز، منرلز اور فائبر موجود ہوتے ہیں جبکہ کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں، جس سے یہ جسمانی توانائی بڑھانے اور صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

طاقتور اینٹی آکسائیڈنٹس

سرسوں کا ساگ وٹامن اے، سی اور کے جیسے طاقتور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے، جو جسم میں موجود مضر مواد کا خاتمہ کرتے ہیں۔ اس میں فولیٹ اور وٹامن ای بھی شامل ہیں، جو دائمی بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

ورم کش خصوصیات

اس ساگ میں موجود وٹامن K اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اگر جسمانی ورم پر قابو نہ پایا جائے تو امراضِ قلب، جوڑوں کے درد اور کینسر جیسے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

امراضِ قلب سے تحفظ

تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ سبز پتوں والی سبزیاں، خصوصاً سرسوں کا ساگ، دل کے امراض کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرتی ہیں۔ اس میں موجود غذائی اجزا کولیسٹرول کم کر کے شریانوں میں چربی جمع ہونے سے روکتے ہیں، جس سے فالج اور دل کے دورے کے خطرات کم ہوتے ہیں۔

نظامِ ہاضمہ کے لیے فائدہ مند

سرسوں کا ساگ غذائی فائبر سے بھرپور ہے جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، آنتوں کی صحت میں اضافہ کرتا ہے اور قبض سے بچاتا ہے۔ فائبر میٹابولزم کو بھی کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔

ہڈیوں کی مضبوطی

وٹامن K ہڈیوں کی صحت کے لیے نہایت ضروری سمجھا جاتا ہے۔ اس کی مناسب مقدار ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے اور فریکچر کے خطرے کو کم کرتی ہے۔

آنکھوں کے لیے مفید

سرسوں کے ساگ میں موجود لیوٹین اور زیازانتھین بینائی کو بہتر بنانے اور عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی کمزوری سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

وزن میں کمی

غذائی فائبر سے بھرپور یہ سبزی وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ یہ میٹابولزم کو متحرک کرتی ہے، جس سے جسمانی چربی گھٹنے میں مدد ملتی ہے۔

دمہ کے مریضوں کے لیے مفید

وٹامن سی دمہ کے مریضوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے کیونکہ یہ سوزش پیدا کرنے والے عناصر کو کم کرتا ہے۔ اس ساگ میں موجود میگنیشیم پھیپھڑوں کو آرام دینے میں معاون ہوتا ہے۔

دماغی کارکردگی میں بہتری

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ لیوٹین دماغی ٹشوز کے لیے مفید ہے، جس سے یادداشت اور دماغی کارکردگی بہتر ہوتی ہے جبکہ ذہنی کمزوری کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔

مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے

سرسوں کا ساگ وٹامن سی اور وٹامن اے سے بھرپور ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط کرتے ہیں۔ ان کی کمی سے بار بار بیمار پڑنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

متعدد غذائی اجزا کا ذخیرہ

اس ساگ میں وٹامن کے علاوہ کیلشیئم، پوٹاشیم، آئرن، زنک، فاسفورس، پروٹین اور کاربوہائیڈریٹس جیسے اہم غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں، جو اسے سردیوں کی بہترین اور مکمل غذا بناتے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں سرسوں کا ساگ باقاعدگی سے کھانا صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

نوٹ:  یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ترکیہ کا پاکستان میں جدید جنگی ڈرون اسمبلی پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ

ترکیہ نے اپنے جدید جنگی ڈرونز کی اسمبلی فیسلٹی پاکستان میں قائم کرنے کا حتمی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے