
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے محکمہ داخلہ کی ہدایات پر صوبے بھر کے کالجز کو سخت سیکیورٹی اقدامات فوری نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی کالجز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کیمپس کی سیکیورٹی کو فوری طور پر مضبوط بنائیں اور تمام انتظامات سات روز میں رپورٹ کی صورت میں جمع کروائیں۔ یہ ہدایت محکمہ داخلہ پنجاب کے حالیہ سیکیورٹی الرٹ کے بعد جاری کی گئی ہے، جس میں تعلیمی اداروں کی حفاظت یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق کالجز کو ایک گیٹ کے علاوہ تمام داخلی دروازے بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ داخلے کے مرکزی راستے پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ طلبا اور عملے کو ہر وقت اپنے شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوں گے، اور بغیر اسٹیکرز گاڑیوں کے کیمپس میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کالجز کی سرحدی دیواروں پر خاردار تاریں لگائی جائیں تاکہ غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکا جا سکے۔ اسی طرح رات کے اوقات میں کیمپس کے تمام حصوں میں مناسب روشنی کا انتظام یقینی بنانا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔ صوبے کے تمام کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مناسب معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں اور انہیں 24 گھنٹے فعال رکھیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے کالجز کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ طلبا کی تعداد اور کیمپس کے سائز کے مطابق سیکیورٹی عملے میں اضافہ کیا جائے تاکہ نگرانی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ آگ بجھانے کے آلات اور فائر الارمز تمام عمارتوں میں نصب کیے جائیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اساتذہ اور طلبا کی عملی تربیت بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کے تمام کالجز کے سربراہان کو کہا ہے کہ وہ آئندہ سات دن میں سیکیورٹی اقدامات پر مکمل رپورٹ جمع کروائیں، جس کا جائزہ لینے کے بعد مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔
UrduLead UrduLead