
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ آج فیصل آباد کے تاریخی اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز ایک، ایک سے برابر ہے اور یہ میچ فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ شائقین کرکٹ کے جوش و خروش نے اسٹیڈیم کا ماحول گرم کردیا ہے، تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں اور اسٹیڈیم کھچاکھچ بھرا ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان نے سیریز کا آغاز دو وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ کیا تھا، مگر دوسرے میچ میں قومی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اب دونوں ٹیمیں سیریز جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیم تیسرے میچ میں بھرپور کم بیک کرے گی۔ ان کے مطابق دوسرے میچ میں صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے عمدہ بیٹنگ کی، لیکن فیلڈنگ کی غلطیوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
قومی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر حارث رئوف دو میچز کی آئی سی سی پابندی ختم ہونے کے بعد اسکواڈ کے لیے دستیاب ہیں۔ ان کی شمولیت سے پاکستان کے پیس اٹیک کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔ گزشتہ روز قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اقبال اسٹیڈیم میں دوپہر دو بجے سے ساڑھے تین بجے تک بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے خصوصی سیشنز میں بھرپور مشق کی۔ پریکٹس میں حارث رئوف، حسیب اللہ، فیصل اکرم اور حسن نواز شامل تھے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کے کپتان میتھیو برٹزکی نے کہا کہ دوسرے میچ میں ان کی ٹیم نے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ ان کے مطابق اوپنرز کوئنٹن ڈی کاک اور پریٹوریس نے جارحانہ آغاز فراہم کیا جبکہ ٹونی زورزی کی ذمہ دارانہ اننگز ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار بنی۔ برٹزکی نے کہا کہ جنوبی افریقہ ہمیشہ اپنی فیلڈنگ پر فخر کرتا ہے، دوسرے ون ڈے میں کھلاڑیوں نے کئی قیمتی رنز بچا کر شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا۔
ادھر جنوبی افریقہ کی ٹیم نے جمعے کو آرام کو ترجیح دی اور کسی قسم کی باضابطہ پریکٹس نہیں کی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پروٹیز کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم بہتر دکھائی دے رہی ہے، جب کہ پاکستان کی ٹیم کو بلے بازی کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کے شعبے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
فیصل آباد کا اقبال اسٹیڈیم اب تک 18 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔ پاکستان نے یہاں کھیلے گئے 14 میچوں میں سے 10 میں کامیابی حاصل کی، جب کہ 4 میں ناکامی ہوئی۔ جنوبی افریقہ نے اسی میدان پر سات میچز کھیلے، جن میں تین میں فتح اور چار میں شکست مقدر بنی۔
ضلعی انتظامیہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی اور انتظامات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات ہے تاکہ شائقین پرامن ماحول میں میچ سے لطف اندوز ہوسکیں۔ فیصل آباد میں آج کرکٹ کا جوش اپنے عروج پر ہوگا اور شائقین ایک سنسنی خیز مقابلے کی امید لیے میدان کا رخ کریں گے۔
UrduLead UrduLead