منگل , اکتوبر 28 2025

لاہور کی نائٹ پارٹیوں کا پردہ فاش

معروف ایف ایم آر جے، موٹیویشنل اسپیکر اور ریڈیو کے جنرل منیجر محسن نواز نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں منشیات اور نائٹ پارٹیوں کا بڑھتا ہوا رجحان معاشرتی بگاڑ کی علامت ہے۔ وہ حال ہی میں “وِلنگ ویز پاکستان” کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کر رہے تھے جہاں انہوں نے لاہور کی راتوں کی زندگی کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کیے۔

محسن نواز، جو بینائی اور چلنے کی صلاحیت سے محروم ہیں، نے بتایا کہ لاہور کی بیدیاں روڈ اور برکی روڈ جیسے علاقوں میں فام ہاؤسز پر رات بھر پارٹیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں یہ سرگرمیاں گیسٹ ہاؤسز تک محدود تھیں، مگر اب فام ہاؤسز پر باقاعدہ ایونٹس منعقد کیے جاتے ہیں جہاں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں تیز موسیقی پر رقص کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان پارٹیوں میں ’’ڈانسنگ‘‘ یا ’’ایکسٹسی‘‘ کے نام سے معروف منشیات استعمال کی جاتی ہیں جو پہلے بیرون ملک سے منگوائی جاتی تھیں، مگر اب پاکستان میں ہی تیار کی جا رہی ہیں۔ یہ گولیاں مختلف معیار کی ہوتی ہیں جن کی قیمت 700 روپے سے 5 ہزار روپے تک ہے۔ ان کے استعمال سے بھوک دب جاتی ہے اور توانائی میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے نوجوان پوری رات ناچتے رہتے ہیں۔

محسن نواز کے مطابق ان پارٹیوں میں عموماً تین اقسام کی خواتین شریک ہوتی ہیں — ہاسٹل میں رہنے والی لڑکیاں، مہمان خواتین، اور وہ خواتین جو سنگل مردوں کی ساتھی بن جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں کے ٹکٹس 15 ہزار سے 20 ہزار روپے تک فروخت کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ معاشرے میں منشیات اور غیر اخلاقی تقریبات کا بڑھتا ہوا رجحان نہ صرف نوجوان نسل کو برباد کر رہا ہے بلکہ سنگین جرائم میں اضافے کا باعث بھی بن رہا ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں لاہور میں ایک نوجوان احمد جاوید کے قتل کو اسی طرح کی پارٹیوں سے جڑے واقعات میں سے ایک قرار دیا۔

محسن نواز نے کہا کہ ’’یہ صورتحال ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے، کیونکہ یہ سب کچھ ہمارے معاشرے میں معمول بنتا جا رہا ہے۔ اگر اب بھی ہم نے اس بگاڑ کو روکنے کے لیے اقدامات نہ کیے تو آنے والی نسلیں اس کی بھاری قیمت چکائیں گی۔‘‘

سماجی ماہرین کے مطابق پاکستان میں منشیات کے استعمال اور نائٹ لائف کلچر کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے حکومت، والدین اور تعلیمی اداروں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نوجوانوں کو محفوظ اور مثبت طرزِ زندگی کی طرف راغب کیا جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سب سے صحت مند کوکنگ آئل کون سا؟

ماہرین کے مطابق صحت مند تیل کا انتخاب آپ کے کھانے کے طریقے اور جسمانی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے