جمعرات , اکتوبر 23 2025

اضافی 7 ہزار میگاواٹ بجلی صنعت و زراعت کو فراہم کرنے کا فیصلہ

حکومت نے اضافی یونٹس پر نرخ کم کر دیے، صنعتی و زرعی لاگت میں نمایاں کمی متوقع

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ملک میں دستیاب 7 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی صنعت اور زراعت کے شعبوں کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پیداواری سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکے۔ وزیر توانائی کے مطابق یہ دونوں شعبے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے ان کے لیے بجلی کے نرخوں میں واضح کمی کی گئی ہے۔

ویڈیو پیغام میں سردار لغاری نے بتایا کہ زرعی صارفین کے لیے اضافی یونٹس کی قیمت 38 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کر دی گئی ہے، جبکہ صنعتی شعبے کے لیے نرخ 34 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے صارفین کی بجلی کی اوسط قیمتِ خرید میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اگر کوئی زرعی صارف پہلے 100 یونٹ استعمال کرتا تھا اور اب اضافی 100 یونٹ استعمال کرے گا تو اس کی اوسط بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی آئے گی، جبکہ صنعتی شعبے میں ہزار یونٹ کے اضافی استعمال پر اوسط لاگت میں تقریباً 5 روپے فی یونٹ کمی واقع ہوگی۔

سردار لغاری نے کہا کہ صنعتی شعبے میں پہلے ہی نرخ کم کیے جا چکے ہیں، اور اب مزید رعایت سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور برآمدات میں بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے اور توانائی کی بہتر دستیابی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

وزیر توانائی نے امید ظاہر کی کہ اضافی بجلی کے استعمال پر کم نرخوں کی فراہمی سے صنعتی و زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور مجموعی طور پر معیشت کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ بجلی کی دستیابی اور قیمت میں توازن پیدا کر کے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جائیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 30 اکتوبر سے تقسیم کا آغاز

ایک لاکھ ہونہار طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ ملیں گے، مرکزی تقریب اسلام آباد میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے