ماہرین کے مطابق لونگ کا روزانہ استعمال یادداشت، دل، معدہ اور مدافعتی نظام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے

ہر صبح خالی پیٹ ایک لونگ منہ میں رکھنے اور دیر تک چبانے کی روایت کو روایتی طب میں صحت بخش عمل مانا جاتا ہے، جس کے مختلف جسمانی فوائد پر تحقیق بھی سامنے آتی رہی ہے۔
ابتدا میں اس کا ذائقہ کڑوا محسوس ہوتا ہے لیکن وقت کے ساتھ یہ انسانی جسم کے لیے مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ طبِ یونانی اور ایوریویدک علاج میں لونگ کو کئی بیماریوں کے قدرتی علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے اور جدید مطالعات بھی اس کی افادیت کو مختلف پہلوؤں سے تسلیم کرچکی ہیں۔
لونگ کے اجزاء میں یوجینول نامی مرکب شامل ہے جو جراثیم کش اور سوزش کم کرنے کی خصوصیات رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق روزانہ لونگ استعمال کرنے سے یادداشت بہتر ہوتی ہے، دماغی سکون ملتا ہے اور دل کو تقویت پہنچتی ہے۔ طبی رپورٹس کے مطابق اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس دل کی شریانوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
سانس کی بیماریوں میں بھی لونگ کو مؤثر مانا جاتا ہے۔ کھانسی، نزلہ اور بلغم کے مسائل میں لونگ کا تیل یا لونگ چبانے سے سینہ صاف ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گلے کی سوجن اور درد کے خاتمے کے لیے بھی یہ آزمودہ نسخہ ہے۔ دانتوں کے درد کے علاج میں لونگ کے استعمال کی تاریخ صدیوں پرانی ہے، جب کہ آج بھی ڈینٹسٹ عارضی طور پر یوجینول کو دانتوں کی تکلیف کم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ہاضمہ کی صحت کے لیے بھی لونگ اہم کردار ادا کرتا ہے۔ معدہ اور آنتوں میں جراثیم کے خلاف مؤثر ہونے کے باعث یہ فوڈ پوائزننگ سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے اور گیس یا تیزابیت کے مسائل میں بھی آرام پہنچاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا مسلسل استعمال جگر، گردوں اور تلی کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتا ہے اور جسم سے زہریلے مادوں کے اخراج کو آسان بناتا ہے۔
نظر کی کمزوری اور آنکھوں کی روشنی بڑھانے کے حوالے سے بھی روایتی طور پر لونگ کو مفید سمجھا جاتا ہے، حالانکہ اس حوالے سے سائنسی تحقیق محدود ہے۔ تاہم اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مجموعی طور پر آنکھوں کی صحت کے لیے معاون ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ لونگ اگرچہ بے شمار فوائد رکھتا ہے لیکن اس کا زیادہ استعمال نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے۔ معدے کے حساس مریضوں کے لیے ضرورت سے زیادہ لونگ استعمال کرنے سے جلن یا معدے میں تیزابیت بڑھ سکتی ہے۔ اس لیے ماہرین اعتدال کے ساتھ استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ لونگ کو روزانہ کی خوراک کا حصہ بنایا جائے تو یہ جسم کو اندرونی اور بیرونی طور پر مضبوط بناتا ہے، دماغی کارکردگی کو بہتر کرتا ہے اور قوتِ مدافعت کو بڑھاتا ہے۔ روایتی طب اور جدید سائنس دونوں ہی اس بات پر متفق ہیں کہ اعتدال کے ساتھ لونگ کا استعمال ایک قدرتی نسخے کے طور پر صحت کے مختلف پہلوؤں کو سہارا دے سکتا ہے۔
اگرچہ مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن موجودہ شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ لونگ کا باقاعدہ استعمال جسمانی نظاموں کو بہتر بنانے میں معاون کردار ادا کرتا ہے اور اسے قدرت کا سستا اور آسان تحفہ کہا جاسکتا ہے۔