
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں خریداری کا رجحان برقرار ہے جسے معیشت کے مثبت امکانات اور کارپوریٹ آمدن میں بہتری نے مزید تقویت دی۔
جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 45 ہزار 800 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
صبح 10 بج کر 50 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 726.29 پوائنٹس یا 0.50 فیصد کے اضافے سے 145,814.78 پوائنٹس پر جاپہنچا۔
خریداری کا رجحان تیل و گیس کی تلاش، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری جیسے اہم شعبوں میں نمایاں طور پر دیکھا گیا۔ اے آر ایل، حبکو، ایم اے آر آئی، او جی ڈی سی، پی ایس او اور پی پی ایل مثبت زون میں دکھائی دیے۔
واضح رہے کہ بدھ کو اسٹاک ایکسچینج نے اپنی ریکارڈ توڑ تیزی کا سلسلہ جاری رکھا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس 2,051 پوائنٹس یا 1.43 فیصد کے نمایاں اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 145,088.50 پوائنٹس پر بند ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 100 انڈیکس کے 145,000 پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرنے پر اعتماد کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کو کاروبار دوست اصلاحات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔