پیر , دسمبر 1 2025

پی ٹی آئی کا آج ملک گیر احتجاج کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر میں ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق 5 اگست کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے ہر حلقے میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، اور اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز و تنظیمی عہدیداران کو بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

لاہور میں بھی مختلف حلقوں میں احتجاج کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ صدر پی ٹی آئی لاہور امتیاز شیخ کے مطابق پارٹی آج لاہور کے مختلف علاقوں میں بھرپور مظاہرہ کرے گی جبکہ کسی ایک مقام پر پاور شو کی بھی کوشش کی جائے گی تاہم صورتحال کے پیش نظر متبادل پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

ادھر پارٹی کا دعویٰ ہے کہ احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس نے لاہور سے 300 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور سمیت پنجاب بھر میں اینٹی رائٹ فورس کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ اہم سرکاری عمارتوں اور مرکزی شاہراہوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اگر مرکزی پاور شو ممکن نہ ہوا تو حلقہ وار احتجاجی مظاہرے ہی کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتباہ جاری کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کا حصہ بننے والوں کی فوری گرفتاری ہو گی، وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے اجتماع یا اکٹھے ہونے پر پابندی عائد ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

فیڈرل بورڈ نے SSC Part-I اور Part-II 2025 کے نتائج کا اعلان کیا

وفاقی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) نے 28 نومبر …