بدھ , اکتوبر 15 2025

آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی تجویز

آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی تجاویز تیار کرلی گئی ہیں، گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ تک کمی کا امکان ہے۔

کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کا امکان ہے اور آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی تجاویز تیار کرلی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ گھریلوصارفین کے لیے بنیادی ٹیرف میں ایک روپے 16 پیسے فی یونٹ تک کمی کا امکان ہے۔

پاور ڈویژن کی آئندہ مالی سال ملک بھر میں یکساں ٹیرف کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کرادی، نیپرا نے پاور ڈویژن کی درخواست پر یکم جولائی کو سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 48.84 سےکم ہوکر 47.69 روپے ہوگا جب کہ ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 10.54 روپے ہوجائے گا۔

پاور ڈویژن کی درخواست منظور ہونے کے بعد 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 13.01 روپے ہوگا جب کہ ایک سے 100 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کا ٹیرف 1.15 روپےکمی سے 22.44 روپے ہوجائے گا۔

تجویز کے مطابق ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 1.16 روپےکمی سے 28.91 روپے ہوجائے گا، ماہانہ 201 سے 300 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 33.10 روپے ہوجائے گا۔

اسی طرح، ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 37.99 روپے ہوجائے گا اور ماہانہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 1.14 روپے کمی سے 40.22 روپے ہوجائےگا۔

علاوہ ازیں، ماہانہ 501 سے 600 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 41.62 روپے ہوجائے گا اور ماہانہ 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 1.16 روپے کمی سے 42.76 روپے ہوجائے گا جب کہ ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 1.15 روپے کمی سے 47.69 روپے ہوگا۔

تجویز میں کہا گیا کہ ٹیکسوں کو ملاکر سیلب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت بڑھ جائے گی، ماہانہ 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کے لیے 3.95 روپے فی یونٹ کا ٹیرف برقرار رہے گا۔

مزید بتایا گیا کہ ماہانہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے ٹیرف 7.74 روپے فی یونٹ برقرار رہے گا۔

اس سے قبل، نیپرا نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی منظوری دی تھی۔

نیپرا نے اپنا فیصلہ یکساں ٹیرف کے تعین کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوایا تھا، نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں تقریبا ڈیڑھ روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سمندری کیبل کی مرمت سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان

پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی کیبل کی مرمت کا کام آج صبح …