ملک بھر میں بجلی بلز کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی بروقت نہ ہونے کے معاملے پر پاور ڈویژن نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو خطوط لکھ دیے۔
وفاقی وزیر اویس لغاری کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت توانائی نے صارفین کے لیے سستی بجلی کے لیے اصلاحات کا آغاز کیا ہے جس کے تحت مالی وسائل میں اضافہ، بجلی چوری کے خاتمے اور صارفین کے واجب الادا بلز کی وصولی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
پاور ڈویژن نے خط میں لکھا ہے کہ وزرائے اعلیٰ سے فوری طور پر بجلی کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنانے کی درخواست ہے کیونکہ واجب الادا بجلی بلز کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات متاثر ہو رہے ہیں۔
خط کے متن کے مطابق صوبوں کے مختلف محکمے بجلی کے بلز کی ادائیگی میں غفلت برت رہے ہیں اور بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پاور کمپنیوں پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے لہٰذا واجب الادا بلز کی وجہ سے بجلی کی بلا تعطل سپلائی میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
پاور ڈویژن کے خط میں وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا ہے کہ وزرائے اعلیٰ سے اس معاملے میں فوری مداخلت کی اپیل کرتا ہوں کیونکہ بقایاجات کی عدم ادائیگی سے گردشی قرض کا بحران سنگین ہو رہا ہے،
توانائی کے شعبے میں استحکام کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے تعاون کی امید ظاہر کرتی ہے۔