google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 افغان جلیبی کے گلوگار وموسیقار کی ٹی وی شو میں گفتگو - UrduLead
جمعرات , جون 5 2025

افغان جلیبی کے گلوگار وموسیقار کی ٹی وی شو میں گفتگو

معروف گلوکار اور موسیقار اسرار شاہ نے کہا ہے کہ جب وہ اپنا مشہور گانا افغان جلیبی گنگنا رہے ہوتے ہیں تو ان کے ذہن میں اپنی اہلیہ کا خیال ہوتا ہے

اسرار شاہ حال ہی میں نجی ٹی وی چینل سنو ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے ذاتی زندگی، موسیقی اور وائرل فنکاروں کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسرار شاہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے محبت کی شادی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہمیشہ سے علیزے نام پسند تھا اور جب ان کی زندگی میں علیزے نامی پہلی لڑکی آئیں تو انہوں نے اسی سے شادی کرلی۔

دھن کی آمد سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ ایک فطری عمل ہے جس کے لیے کسی خاص کلاس کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ یہ خدا کی طرف سے ایک عطا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کئی لوگ ایسے ہیں جو اچھے گلوکار تو ہوتے ہیں لیکن وہ اچھی موسیقی تخلیق کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

اپنے مشہور گانے شکر ونڈاں کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ یہ اتنا ہٹ ہو جائے گا، مجھے اس وقت پتا چلا جب فیس بک پر میرے نام سے فین پیجز بننے لگے اور قریبی دوستوں نے بتایا کہ یہ میرے مداحوں نے بنائے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اسرار شاہ نے بتایا کہ وہ بچپن سے آرمی میں جانا چاہتے تھے کیونکہ یہ ان کے والد کی خواہش تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ذہن میں فوجیوں کا ایک بہادر اور باوقار تصور تھا، اسی لیے انہوں نے بھرپور کوشش کی لیکن بدقسمتی سے کامیاب نہ ہوسکے۔

چاہت فتح علی خان سے متعلق سوال پر اسرار شاہ نے کہا کہ میں نے ان سے کبھی ملاقات نہیں کی، لیکن اگر ملاقات کرنی پڑی تو ضرور کروں گا کیونکہ بعض اوقات انسان کو اپنی خواہش کے برخلاف بھی کچھ کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہت فتح علی خان اچھے گلوکار نہیں ہیں، لیکن ان کی کامیابی کو موسیقی کی توہین نہیں کہا جاسکتا، آج کے دور میں ہر فنکار کو اظہار کا موقع مل رہا ہے اور سوشل میڈیا ہر شخص کے لیے ایک کھلا پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اچھا مواد ہمیشہ اپنی جگہ خود بناتا ہے، چاہے فن کسی بھی نوعیت کا ہو، اگر اس میں جان ہو تو لوگ ضرور اس کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔

چاہت فتح علی خان کے بارے میں گلوکار نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں انہیں دھن سے متعلق مشورہ نہیں دے سکتا کیونکہ وہ اسے سمجھ نہیں پائیں گے، لیکن میری دعا ہے کہ وہ خوش رہیں۔

یاد رہے کہ اسرار شاہ پاکستان کے معروف گلوکار اور موسیقار ہیں جن کے مشہور گانوں میں افغان جلیبی، شکر ونڈاں، اور پری زاد شامل ہیں۔ ان کی منفرد آواز اور روحانی رنگ موسیقی کے مداحوں کو بے حد پسند آتے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آج سے آغاز

مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آج سے آغاز ہو گا، عازمین حج رہائشگاہ سے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے