
سپر اسٹار ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ دوسری شادی کرنے سے خوفزدہ تھیں، تاہم اُنہیں اس شادی کے لیے راضی کرنے میں اُن کے بیٹے اذلان کا بڑا کردار رہا ہے۔
ماہرہ خان نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی، کیریئر اور مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
انٹرویو کے دوران فواد خان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ نے کہا کہ ہم دونوں اچھے دوست ہیں، اور فواد کی ایک عادت جو مجھے بہت پسند ہے، وہ یہ کہ وہ میرے سامنے بالکل ویسا ہی ہوتا ہے جیسا وہ حقیقت میں ہے۔
پوڈکاسٹ میں خلیل الرحمٰن قمر سے اپنے ماضی کے تنازع پر بات کرتے ہوئے ماہرہ نے اعتراف کیا کہ اس معاملے میں میری بھی غلطی تھی، مجھے چاہیے تھا کہ میں انہیں براہِ راست پیغام دیتی، بجائے اس کے کہ میں سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتی۔
ماہرہ کے مطابق وہ اُس وقت ڈرامہ نیلوفر کی شوٹنگ میں مصروف تھیں جب رات گئے انہوں نے ایک ایسی خبر پڑھی، جس میں کسی خاتون سے بدتمیزی کا ذکر تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ وہ خاتون کون تھی، بلکہ صرف ناانصافی پر آواز اٹھائی، غصے میں آکر انہوں نے ٹوئٹ کی، جو بعد میں ایک تنازعے میں بدل گئی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ بعد میں ان کی والدہ نے بھی انہیں احساس دلایا کہ سوشل میڈیا پر ردِعمل دینے کے بجائے براہِ راست بات کرنی چاہیے تھی، خاص طور پر جب بات کسی سینئر فنکار کی ہو۔
اُن کی والدہ نے مشورہ دیا کہ اگر وہ اگلے دن کسی انٹرویو میں اپنا مؤقف پیش کرتیں تو زیادہ بہتر ہوتا، کیونکہ اختلاف رکھتے ہوئے بھی ادب قائم رکھا جاسکتا ہے۔
سینئر اداکار فردوس جمال کی جانب سے کی گئی تنقید سے متعلق ماہرہ نے کہا کہ ابتدا میں ایسی باتیں مجھے بہت تکلیف دیتی تھیں، لیکن اب نہیں، مجھے یاد ہے جب میری فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ ریلیز ہونے والی تھی، تب میرے ہی شعبے کے کچھ لوگ میرے خلاف تنقید کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک آپ تھوڑے کامیاب ہوتے ہیں، لوگ آپ کے ساتھ ہوتے ہیں، لیکن جیسے ہی آپ زیادہ کامیاب ہو جائیں، وہی لوگ عدم تحفظ کا شکار ہوکر آپ کے خلاف بولنے لگتے ہیں۔
اپنی دوسری شادی کے بارے میں ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ دوبارہ شادی کرنے سے ڈرتی تھیں، انہیں خدشہ تھا کہ شادی کے بعد انہیں اداکاری چھوڑنی پڑے گی اور انہیں اپنے بیٹے اذلان کی فکر بھی تھی کہ وہ اس پر کیا ردِعمل دے گا۔
تاہم، انہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے اس شادی کے لیے راضی کرنے میں اذلان کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں چاہتی تھی کہ جس شخص سے میں شادی کروں، وہ میرے بیٹے سے اس لیے تعلق قائم نہ کرے کہ وہ میرا بیٹا ہے، بلکہ ان دونوں کا آپس میں ایک الگ، خالص رشتہ ہو اور خوشی کی بات ہے کہ میری یہ خواہش پوری ہوگئی۔
اداکارہ ماہرہ خان ان دنوں عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی اپنی نئی مزاحیہ فلم ’لو گرو‘ کی بین الاقوامی پروموشن کے سلسلے میں امریکا میں مصروف ہیں اور اس دوران وہ امریکا کے مختلف شہروں میں فلم کی تشہیر کرتی نظر آئیں گی۔