
کرپٹو کرنسی دنیا میں ایک بار پھر ہلچل دیکھی جا رہی ہے، دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر ایک لاکھ 11 ہزار ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی۔
سی این بی سی کی رپورٹ میں کوائن میٹرکس کے حوالے سے بتایا گیا کہ دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر 3 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 11 ہزار 529 ڈالر ہوگئی۔
کرپٹو پر نظر رکھنے والے ایسٹ منیجر کوائن شیئرز کے ریسرچ ہیڈ جیمز بٹرفل نے سی این بی سی کو ای میل کے ذریعے بتایا کہ بٹ کوائن کے بڑھنے کی متعدد وجوہات ہیں، جس میں امریکا میں کرپٹو کرنسی کے حوالے سے ریگولیشن اور ادارہ جاتی خریداروں کی طرف سے مسلسل دلچسپی لینا ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی کرپٹوکرنسی کی قیمت میں اضافہ امریکی ایکویٹی میں کمی کے باوجود ہو رہا ہے۔
سوسو ویلیو کے مطابق رواں برس بٹ کوائن کی قدر میں 18 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ سال کے آغاز سے پبلک لسٹڈ کمپنیوں کی پاس موجود بٹ کوائن کی تعداد میں 31 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جس کی قدر تقریباً 349 ارب ڈالر کے برابر ہے۔