
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پہلے الیمینیٹر میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے فخرزمان اور عبداللہ شفیق کی جارحانہ اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے کوالیفائر میں کل لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے، جیتنے والی ٹیم فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائے گی۔
کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کراچی کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہیں ٹہرسکا۔
ٹم سیفرٹ 16، جیمز ونس 4، سعد بیگ 11، عرفان خان نیازی 18، محمد نبی 16، عباس آفریدی 2 اور حسن علی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔
کپتان ڈیوڈ وارنر نے 52 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے جب کہ خوشدل شاہ 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جب کہ زمان خان، شکیب الحسن اور محمد نعیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور محمد نعیم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم نعیم 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
فخرزمان نے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عبداللہ شفیق نے 35 گیندوں پر 65 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
کوشال پریرا نے بھی 24 گیندوں پر 30 رنز بناکر جیت میں اہم کردار ادا کیا، راجا پکسے نے 12 گیندوں پر 23 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 2، میر حمزہ اور فواد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل، ٹاس کے دوران کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ پچ کل کے میچ سے زیادہ مختلف نہیں لگ رہی اور ابتدائی 6 اوورز ہمیشہ چینلجنگ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کی جانب سے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے، عامر جمال کی جگہ فواد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈو اینڈ ڈائی میچ میں ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، سکندر رضا کی جگہ سری لنکا کے راجا پکسے کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چوتھی مرتبہ پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچی ہے، آخری بار کوئٹہ نے 2019 کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان پہلے ایلیمینیٹر میں ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی جب کہ جیتنے والی ٹیم کوالیفائیر ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ کرے گی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے صاحبزادہ فرحان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم آخری اوور میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔