google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری - UrduLead
بدھ , مئی 21 2025

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ بیشتر میدانی علاقے آئندہ 4 روز تک موسم کی شدت سے متاثر اور گرم لہروں کی لپیٹ میں رہیں گے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہنے کا امکان ہے،

بالائی اور وسطی علاقوں اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور وسطی و بالائی پنجاب  میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بلند رہ سکتا ہے۔

آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اسی طرح بہاولپور میں45 ڈگری، ڈی جی خان میں 47، ملتان میں 44، سرگودھا میں 45 اور راولپنڈی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36، حیدرآباد میں 42،سکھر میں 45 اور نوابشاہ میں 46 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اُدھر بلوچستان میں آج کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38، گوادر میں36 اور سبی میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح پشاور میں 44، بنوں میں 41 اور ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری ، گلگت بلتستان میں 36 ڈگری اور راولا کوٹ میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل 22 مئی کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔

اسی طرح  جمعہ 23 مئی کو بھی موسم اسی طرح شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

ہفتہ اور اتوار کو گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ ان دنوں کے دوران گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور آندھی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو خاص طور پر گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاط برتیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم غیر تسلی بخش کارکردگی پر فارغ

وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو ان کی کارکردگی غیر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے