
محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
آزادکشمیر اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک بھر میں شدید گرمی کی نئی لہر کا آغاز ہوچکا ہے،اس حوالے سے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
آج سے 24 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع ہے، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وسیع علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔
بالائی علاقوں میں بھی دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا میں 20 سے 24 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہونے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کئے گئے الرٹ میں کہا گیا کہ درجہ حرارت معمول سے پانچ تا سات ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے گرد و غبار، تیز ہواؤں، ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر دباؤ کا بھی خدشہ ہے۔