
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ تجاویز سے متعلق پالیسی سطح کے مذاکرات کل بروز پیر سے شروع ہوں گے جو 23 مئی تک جاری رہیں گے۔ نئے مالی سال کا بجٹ 2 جون کو پیش ہوگا۔
نئے مالی سال 26-2025 پر مشاورت کے معاملہ پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات کل(پیر ) سے شروع ہوں گے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی مذاکرات گزشتہ ہفتے مکمل ہوگئے تھے، پالیسی سطح کے مذاکرات 23 مئی تک جاری رہیں گے، اس کے بعد نئے مالی سال کا بجٹ 2 جون کو پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز آئی ایم ایف سے شیئر کی جائیں گی، آئی ایم ایف کسی بھی ریلیف کی صورت میں متبادل ریونیو پر زور دے چکا ہے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے پاکستان کی بیرونی مالی ضروریات سے متعلق رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی قرض ادائیگی کی صلاحیت بہتر ہوئی ہے مگر خطرات بدستور موجود ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان مزید کشیدگی سے معاشی اصلاحات متاثر ہوسکتی ہیں،
پالیسیوں میں نرمی موجودہ معاشی استحکام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، پاکستان میں سیاسی دبا اور سبسڈی سے مالی اصلاحات متاثر ہوسکتی ہیں۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کو صرف آئندہ مالی سال میں 19.3 ارب ڈالر کی بیرونی مالی ضرورت ہے جبکہ 2026،27 میں 19 ارب 75 کروڑ کی ضرورت ہوگی۔ 2027،28 میں 31 ارب 35 کروڑ ڈالر کے بیرونی فنڈز درکار ہوں گے،
پاکستان کو29-2028 میں 23 ارب 13 کروڑ کی فنڈنگ چاہیے ہوگی، 2030 تک مزید 22 ارب 16 کروڑ ڈالر کی مالی ضروریات کا سامنا ہوگا۔