
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کی کوششوں کے لیے دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن پر بات چیت کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا جس میں ہفتہ وار معمول کے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوگیا، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا۔
پاک فوج کے ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ اور بھارت کے ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائے کے درمیان تقریبا“ 45 منٹ بات چیت ہوئی۔
سیکیورٹی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ہاٹ لائن پر کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلان کردہ سیز فائر سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا جبکہ دونوں اطراف نے معمول کے ہفتہ وار رابطے اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 روز قبل ہونے والی جنگ بندی کے بعد ڈی جی ایم اوز کا یہ پہلا رابطہ تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے اس رابطے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات کی راہ بھی ہموار ہو رہی ہے، جن کے لیے ابتدائی رابطے جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات کسی تیسرے ملک میں منعقد ہوں گے اور اس حوالے سے سعودی عرب کو ممکنہ میزبان مقام کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، پاک بھارت سفارتی نمائندگان اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان رابطے جاری ہیں، جو ان مذاکرات کے وقت اور مقام کو حتمی شکل دیں گے۔
یاد رہے کہ 10 مئی کو پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ (آہنی دیوار) شروع کر دیا تھا
اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مساجد کو جن ایئربیسز سے ٹارگٹ کیا گیا تھا، ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
بعد ازاں، 10 مئی کی سہ پہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل سیز فائر کے لیے تیار ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی صدر نے اس بات کا انکشاف کیا تھا۔
دریں اثنا، بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا تھا کہ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز سے سہ پہر 3 بج کر 35 منٹ پر رابطہ ہوا،
انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ دونوں فریق تمام قسم کی فائرنگ اور زمینی، بحری اور فضائی فوجی کارروائیاں روک دیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس جنگ بندی کا اطلاق آج شام 5 بجے سے ہوگا، دونوں فریقین کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ نے مزید کہا تھا کہ دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز دوبارہ 12 مئی کو بات کریں گے۔