
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 23ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 وکٹ سے ہرا دیا۔
اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اب پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، اس کے پوائنٹس کی تعداد 11 ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی 5 فتوحات کے بعد مسلسل تیسری شکست ہے، اس سے قبل پشاور زلمی اور لاہور قلندرز نے شکست سے دوچار کیا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 158 رنز کا ہدف 19 اعشاریہ 5 اوورز میں 8 وکٹ پر حاصل کرلیا، جیت میں نمایاں کردار حسن نواز کا رہا، جنہوں نے 41 گیندوں پر 64 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں رائیلی روسو نے 27، فن ایلن 20 اور محمد وسیم نے 16 رنز بنائے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 158 رنز کا ہدف دیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
شاداب خان کے بجائے سلمان علی آغا کی کپتانی میں کھیل رہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 158 رنز اسکور کیے تھے۔
اوپنر صاحبزادہ فرحان 39 جبکہ محمد نواز 49 رنز کی اننگز کھیلی، کائل میئرز 22، جیسن ہولڈر 14 اور حیدر علی 10 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر تھے۔

کولن منرو 9، اینڈرس گوس 8، نسیم شاہ 1 جبکہ سلمان علی آغا اور محمد شہزاد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے فہیم اشرف نے 25 رنز کے عوض 4 وکٹ حاصل کیں۔