
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ممتاز اداکار، میزبان اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ایک شو ”ہر لمحہ پُرجوش“ میں شرکت کے دوران اپنے کیرئیر کے ایک اہم سنگ میل، ڈرامہ سیریل ”کبھی میں کبھی تم“ کے سیکوئل کے بارے میں گفتگو کی۔
فہد مصطفیٰ، جنہوں نے 2014 میں ٹیلی ویژن کو خیر باد کہا تھا، ”کبھی میں کبھی تم“کے ذریعے بھرپور انداز میں واپس آئے۔ ان کی پرفارمنس کو ناظرین اور نقادوں کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملی، اور بطور اداکار و پروڈیوسر انہوں نے ایک بار پھر خود کو منوایا۔
تاہم، جب شو کے دوران ”کبھی میں کبھی تم“ کے سیکوئل کے امکان پر بات ہوئی، تو فہد نے واضح الفاظ میں کہا:
“میں کبھی بھی ’کبھی میں کبھی تم‘ کا سیکوئل بننے نہیں دوں گا۔ میں ایسا کبھی نہیں ہونے دوں گا۔ یہ کہانی ناظرین کی ہے، ان کی محبت نے اسے مکمل بنایا۔ شائقین ہی نے اسے پروڈیوس کیا، دیکھا اور سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ، میرا ماننا ہے کہ اسے چھیڑنا نہیں چاہیے کیونکہ یہ مکمل اور پرفیکٹ ہے۔ ایسی کہانیوں کو دوبارہ چھیڑنا اُن کی خوبصورتی کو کم کر دیتا ہے۔ بعض کہانیاں جیسے ہیں ویسی ہی بہتر لگتی ہیں مکمل، خالص، اور دل سے جُڑی ہوئی۔“
ان کا یہ بیان اُن فنکاروں کے لیے بھی ایک پیغام تھا جو ہر کامیابی کو کمرشل موقع میں بدلنا چاہتے ہیں۔ فہد کے بقول، حقیقی کامیابی وہی ہے جو وقت کے ساتھ اپنی قدر و قیمت برقرار رکھے، اور ’کبھی میں کبھی تم‘ اسی کی ایک مثال ہے اور فنکاروں کے لیے یہ حقیقت ہے کہ وہ سچی اور حقیقی کامیابی چاہتے ہیں۔