
ملک کے بیشتر حصوں میں آج سے 4 مئی کے دوران تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج (جمعرات ) کو خیبرپختونخوا،خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب ،اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی/جھکڑ اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری/ موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے ۔
جنوبی پنجاب،بالائی سندھ اورشمال مشرقی بلوچستان میں شام/رات کے دوران تیز ہواوں /آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی/جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہا۔
آج ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد، موہنجوداڑو، سکرنڈ، سبی 48، دادو،جیکب آباد، خیرپور، پڈعیدن، مٹھی اورخانپور میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔