ن ليگ کے سردار ایاز صادق 199 ووٹ لے کر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے، ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے عامر ڈوگر کو 91 ووٹ ملے،
پیپلز پارٹی کے غلام مصطفی شاہ 197 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر بن گئے، سنی اتحاد کونسل کے جنید اکبر کو 92 ووٹ ملے۔
نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، 22ویں اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا۔
اس سے قبل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت ہوا۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا بطور بائیسویں اسپیکر آج عہدے کا آخری دن تھا۔
اسپیکر کے لیے ہونے والے انتخاب کا عمل اورووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایاز صادق اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے اسپیکر کے لیے امیدوار سردار ایاز صادق 199 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں، ان کے مدِ مقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار برائے اسپیکر عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے، مجموعی طور پر 291 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 1 مسترد ہوا۔
حلف اٹھانے کے بعد نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمان کا ایوانِ زیریں سنبھال لیا۔
نئے اسپیکر سے حلف لینے کے بعد راجہ پرویز اشرف بطور اسپیکر سبکدوش ہو گئے۔
پرویز اشرف کا الوداعی خطاب
راجہ پرویز اشرف نے بطور اسپیکر ایوان سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کا ہر عمل ملک و ملت کے مفاد میں ہونا چاہیے۔