
پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سے ملاقاتوں کےلیے ناموں کی فہرست مرتب کرنے کےلیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے5 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی،
کمیٹی ہر منگل اور جمعرات کو بانی سے ملاقات کیلئے ناموں کی فہرست مرتب کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق ایک ملاقات میں اگلی ملاقات کی فہرست کی منظوری بانی پی ٹی آئی سے لی جائے گی،
فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرے گا۔ ایسا کرنے والا پارٹی ڈسپلن اور مقرر کردہ قاعدے کا منحرف تصور ہو گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فہرست میں شامل کسی فرد کو روکنے پر جیل حکام کیخلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی جائیگی تاہم خیبر پختونخوا کے حکومتی عہدیداروں کو اس حوالے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
خیبر پختونخوا حکومت کے عہدیدار کسی بھی دن اور کسی بھی وقت بانی سے ملاقات کیلئے آزاد ہوں گے، اس کے لیے پانچ رکنی کمیٹی کی فہرست کی پابندی لازم نہیں ہوگی۔