پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دے دیا،
قومی ٹیم کی جانب سے آغا سلمان کے چار شکار کیے، پروٹیز کی جانب سے ہنرک کلاسن 86 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی بیٹنگ پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں مشکلات کا شکار رہی، اوپننگ بیٹرز کی جانب سے مثبت آغاز فراہم کرنے کے بعد پروٹیز کا مڈل آرڈر ناکام رہا،
مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 70 رنز کے اسکور پر گری، ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بنا سلمان علی آغا کا شکار بنے۔
اس کے بعد ریان رکلٹن 36، راسی وینڈر ڈوسن 8 اور ٹرسٹن اسٹبز 1 رن بنا کر پویلین لوٹے، تمام کھلاڑی آغا سلمان کی گھومتی گیندوں کے سامنے بے بس نظر آئے، انہوں نے 4 شکار کیے۔
اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹر ہنرک کلاسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کپتان ایڈن مارکرم کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 73 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
ایڈن مارکرم 35 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ہنرک کلاسن کو شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے آغا سلمان نے 4، ابرار احمد نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور سائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں جنوبی افریقہ کے قصبے پارل میں کھیلے جانے والے میچ میں قائم مقام کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پروٹیز کی جانب سے ٹیمبا باووما نے آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے بعد ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ وکٹ بہت شاندار لگ رہی ہے، ہمیں بطور بیٹر خود کو کنڈیشنز کے مطابق ڈھالتے رہنا ہوگا، ہمارے پاس چیمپئنز ٹرافی سے قبل زیادہ ون ڈے میچز نہیں ہیں، یہ سیریز تیاری کے لیے بہترین موقع ہے۔
گرین شرٹس کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے،چیمپیئنز ٹرافی میں کنڈیشنز مختلف ہوں گی لیکن ہمارا اسکواڈ مجموعی طور پر ان ہی کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے پلیئنگ الیون کا اعلان کیا گیا تھا۔