وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے تحفظات پر مذاکرات کرنے کیلئے قائم کی گئی 11رکنی حکومتی کمیٹی سے پیپلزپارٹی کی مذاکراتی کمیٹی مذاکرات پر آمادہ ہو گئی ہے اور امکانی طور پرآج پیر کو اس حوالے سے مذاکرات ہونگے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی جو حکومتی پیش کش کے باوجود گزشتہ کئی ہفتوں سے مذاکراتی عمل سے گریزاں تھی اب اس نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ مذاکرات سے تحفظات کو حل کرنے کی کوشش کرینگے،
یہ فیصلہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں اتوار کو ہونے والے پارٹی کے رہنماؤں سے جو مذاکراتی کمیٹی کے رکن بھی ہیں ورچوئل اجلاس میں ہوا
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر پنجاب سلیم حیدر، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور علی حیدرگیلانی نے شرکت کی،
ان کے علاوہ اجلاس میں راجا پرویز اشرف، شیری رحمٰن، مخدوم احمد محمود اور نوید قمر نے بھی شرکت کی،
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی کی کمیٹی برائے قومی امور آج حکومتی کمیٹی سےملاقات کرے گی۔