پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ کے ہیڈ اور آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین مبشر عثمانی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور یواے ای میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات پر گفتگو کی گئی، محسن نقوی نے مبشر عثمان کو چیمپینز ٹرافی کے اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپینز ٹرافی کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور پاکستان آنے والی ٹیموں اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے کر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔
یو اے ای میں کرکٹ حکام کے ساتھ ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے، کرکٹ شائقین چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے کے لیے بے تاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لئے اعزاز ہے اور ہم ہر ٹیم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے۔