فلم پروڈیوسر، صحافی و ٹی وی میزبان ریحام خان نے ماضی میں مقبول اداکارہ ہانیہ عامر کو شادی نہ کرنے کے مشورے پر وضاحت دے دی۔
ریحام خان نے کچھ عرصہ قبل ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے ہانیہ عامر کو مشورہ دیا تھا کہ وہ کیریئر پر توجہ دیں، ابھی شادی نہ کریں۔
ریحام خان کو ان کے مذکورہ بیان پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور ان سے متعلق کہا گیا کہ وہ خود کو تین بار شادیاں کر چکی ہیں لیکن ہانیہ عامر کو شادی سے منع کر رہی ہیں۔
ایسی تنقید کے بعد حال ہی میں ریحام خان نے اپنے مشورے سے متعلق وضاحت کی اور کہا کہ انہوں نے ایسا نہیں کہا کہ ہانیہ عامر کبھی شادی نہ کریں بلکہ انہوں نے کہا تھا کہ اداکارہ ابھی شادی نہ کریں۔
ریحام خان نے ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ عامر کو شادی کا مشورہ دیے جانے پر ان پر تنقید کی گئی اور انہیں طعنے دیے گئے کہ خود تو انہوں نے تین تین شادیاں کیں لیکن اداکارہ کو منع کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو ہانیہ عامر کو مشورہ دیا، وہ وہی مشورہ باقی لڑکیوں اور لڑکوں کو بھی دیں گی اور اپنی بیٹیوں کو بھی وہ یہی مشورہ دیتی ہیں کہ ابھی شادی نہ کریں۔
ریحام خان کے مطابق عام طور پر لڑکیاں جب 30 سال کی ہوجاتی ہیں تو جسمانی طور پر انہیں شادی کی ضرورت محسوس ہونے لگتی ہے جب کہ گھر والوں سمیت رشتے داروں کی جانب سے بھی ان پر شادی کا دباؤ رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ شادی کے بعد لڑکی خود مختار ہوگی، ان کا اپنا گھر ہوگا، شوہر ہوگا لیکن ایسا نہیں ہوتا، وہ شادی کے بعد خود مختار نہیں ہوتی، یہی بات ہر کسی کو سمجھنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد بھی خواتین خود مختار نہیں ہوتیں اور شادی کا مقصد صرف شادی نہیں ہوتا بلکہ رشتہ ازدواج میں اس وقت بندھا جائے جب خواتین کو اپنی پسند اور ذہنیت کا شخص مل جائے۔
ریحام خان کےمطابق وہ اپنی بیٹیوں کو بھی یہی مشورہ دیتی ہیں کہ ابھی وہ کیریئر پر توجہ دیں، بعد میں شادی کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے ہانیہ عامر کو کبھی شادی نہ کرنے کا مشورہ نہیں دیا تھا بلکہ انہوں نے یہ کہا تھا کہ اداکارہ ابھی شادی نہ کریں، ابھی وہ کیریئر پر توجہ مرکوز رکھیں۔