حکومت پنجاب نے صوبے میں اسموگ کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر راولپنڈی میں مصنوعی بارش کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے مصنوعی بارش کا تجربہ راولپنڈی میں کرنے کا فیصلہ کرلیا، بادلوں کی ممکنہ موجودگی میں مصنوعی بارش کا فیصلہ کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کے اس فیصلے کے بعد محکمہ ماحولیات سمیت متعلقہ ادارے راولپنڈی پہنچ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت متعدد شہروں میں اسموگ کی وجہ سے صورت حال بہت خراب ہے اور لاہور دنیا میں آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے۔
گزشتہ روز ملتان میں بھی اسموگ سے آلودگی کا انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے اور صوبائی حکومت نے حدنگاہ کے مسئلے کے پیش نظر موٹروے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارت سے آنے والی ہواؤں کی وجہ سے لاہور میں اسموگ کی صورت حال مزید ابتر ہوجاتی ہے اور اب راولپنڈی سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دھند اور اسموگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔