پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہونے جا رہا ہے۔
اس میچ کےلیے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے والی بیٹنگ لائن کو ہی کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سے دو دن قبل انگلینڈ نے اولی پاپ کی قیادت میں کھیلنے والی 11 ارکان پر مشتمل ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
البتہ شان مسعود کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستان ٹیم کے 11 کھلاڑیوں کے نام ٹاس سے پہلے سامنے آئیں گے۔
ملتان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور کپتان شان مسعود نے بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ کھیلنے والی بیٹنگ لائن اپ کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میں پاکستان نے 13 کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا، البتہ دونوں ٹیسٹ میں ایک سے نمبر سات تک بیٹنگ لائن اپ میں تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ کی 4 اننگز میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 98.00 کی اوسط سے 294 رنز بنا کر سر فہرست رہے تھے۔
نائب کپتان سعود شکیل نے سیریز میں محمد رضوان کے علاوہ قومی ٹیم کے لیے دوسری سنچری بنائی تھی،
تاہم راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 141 رنز کی اننگز کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹر اگلی تین اننگز میں صرف 18 رنز بنا سکے تھے۔
سابق کپتان اور تجربے کار بلے باز بابر اعظم چار اننگز میں صرف 64 رنز اسکور کر سکے تھے۔
کپتان شان مسعود نے ایک نصف سنچری کے ساتھ 105، آغا سلمان نے 120 اور بائیں ہاتھ کے جارح مزاج اوپنر صائم ایوب نے 2 نصف سنچریوں کیساتھ 135 رنز اسکور کیے تھے۔
سب سے مایوس کن پرفارمنس 24 سال کے عبداللّٰہ شفیق کی رہی تھی، جنہوں نے 2، 37، 0، 3 کی چار باریوں کیساتھ سیریز میں صرف 42 رنز بنائے تھے۔
مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں ابتدائی سات نمبروں کےلیے عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان اور آغا سلمان کیساتھ جانے کا ہی فیصلہ کیا ہے۔