google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 ’ایکس‘ کی بندش سے متعلق نوٹی فکیشن واپس نہیں لیا: پی ٹی اے - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

’ایکس‘ کی بندش سے متعلق نوٹی فکیشن واپس نہیں لیا: پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کی بندش کے نوٹی فکیشن پر واضح کردیا ہے کہ وزارت داخلہ نے بندش سے متعلق نوٹی فکیشن واپس نہیں لیا۔

پی ٹی اے کی جانب سے وکیل علی فیصل نے سندھ ہائی کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کردی جس میں عدالت سے حکم نامہ واپس لینے یا ترمیم کی استدعا کی گئی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لا پی ٹی اے علی اکبر سہتو اور وکیل احسن امام نے حلف نامے جمع کروا دیے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لا پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے بندش سے متعلق نوٹی فکیشن واپس نہیں لیا ہے، ایکس کی بندش سے متعلق نوٹی فکیشن تاحال موجود ہے جبکہ وزارت داخلہ کے نوٹی فکیشن کی واپسی کا بیان غلط فہمی کی بنیاد پر جاری ہوا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے اسی بینچ کے روبرو ایک اور کیس بھی زیر سماعت ہے، مذکورہ کیس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن واپس لیا گیا ہے، غلطی سے دونوں کیسز مل گئے اور غلطی سے اس کیس میں ’ایکس‘ کی بندش سے متعلق نوٹی فکیشن واپس لینے کا بیان جاری ہوا۔

اپنے حلف نامے میں علی اکبر سہتو کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کے کئی مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لیے مقرر ہوتے ہیں، مقدمات کے دباؤ کے باعث غیر ارادی طور پر غلطی ہوئی۔

پی ٹی اے کی جانب سے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 12 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ میں ’ایکس‘ کی بندش کے حوالے سے مقدمے کی سماعت کے دوران پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے وکلا بندش کے حوالے سے تذبذب کا شکار نظر آئے تھے، جہاں ایک وکیل نے بندش کا نوٹی فکیشن واپس لینے کی تصدیق کی تو دوسرے نے اس سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں برس 17 فروری کو وزارت داخلہ نے ایکس پر پابندی عائد کی تھی جس کے بعد اس بندش کے خلاف مقامی صحافی احتشام عباسی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران متعدد بار اس کی سروس کو جزوی طور پر بحال کیا گیا لیکن مکمل طور پر اسے آپریشنل نہ کیا جا سکا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا: پی ٹی اے کا دعویٰ

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے سال 2024 کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے …