اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا میدان سج گیا، سنگجانی مویشی منڈی میں قائم جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر اسلام آباد آنے والے اہم راستے 39 مقامات پر بند ہیں۔
راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس، ریڈ لائن، گرین لائن اورنج لائن، بلیو لائن، پنک بس سروس اور فیڈر روٹس بھی بند کر دیے گئے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کے دونوں اطراف اور لہتراڑ روڈ سے کھنہ پل پر راستہ بند ہے، ٹیکسلا سے جی ٹی روڈ سنگجانی پوائنٹ پر جی ٹی روڈ دونوں اطراف کی ٹریفک کے لیے بند ہے تاہم ہفتہ وار لگنے والا اتوار بازار معمول کے مطابق کھلا ہے۔
اسلام آباد پہنچنے کے لیے بھارہ کہو کا داخلی راستہ سترہ میل پر بند ہے، موٹر وے ایم 2 اسلام آباد جانے والی سائیڈ بھی بند کر دی گئی ہے۔