اداکار سلمان ثاقب شیخ المعروف مانی نے انکشاف کیا ہے کہ کئی ماہ تک فون پر رابطہ رہنے کے بعد پہلی بار انہوں نے اہلیہ حرا کو ایک میوزک کنسرٹ میں دیکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات غلط ہے کہ دو اسٹارز ایک ساتھ نہیں رہ سکتے، ان کی شادی نہیں چل سکتی۔
ایک سوال کے جواب میں مانی نے بتایا کہ جب وہ ریڈیو جوکی (آر جے) تھے، تب سے بہت ساری لڑکیاں ان کی مداح تھیں، جن میں سے حرا بھی ایک تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ حرا نے پہلے ان سے فون پر رابطہ کیا اور کئی ماہ تک ان کے درمیان فون پر ہی رابطہ رہا، انہوں نے انہیں اپنا نام مریم خان بتایا تھا۔
ان کے مطابق حرا سے فون پر باتیں کرکے انہیں اچھا لگتا تھا، وہ سچی اور پرخلوص تھیں، ہر بات کہ دیتی تھیں، وہ فون پر ان سے گانے بھی سنتے تھے، ان کی آواز بہت اچھی تھی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کئی ماہ بعد وہ ایک میوزک کنسرٹ کی میزبان کر رہے تھے، جہاں انہیں مریم خان نے کال کرکے بتایا کہ وہ بھی کنسرٹ میں موجود ہیں، جس پر انہوں نے اہلیہ کو اسٹیج پر گانے کے لیے مدعو کیا۔
مانی کے مطابق وہ جانتے تھے کہ حرا کی آواز بہت اچھی ہے، اس لیے انہوں نے انہیں گانے کے لیے مدعو کیا اور انہوں نے اپنی آواز سے میلہ لوٹ لیا۔
پروگرام کے دوران مانی نے اپنی کامیاب شادی کا راز بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی اور اہلیہ کی ہر دوسرے یا تیسرے ہفتے لازمی لڑائی ہوتی ہے۔
انہوں نے کامیاب اور پیار بھری شادی کو جوڑوں کے درمیان تنازعات اور جھگڑوں سے جوڑا اور کہا کہ جھگڑے لازمی ہیں۔