google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، عمران خان - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، عمران خان

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو دبانے کے لیے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، اسٹیبلشمنٹ کو کہتا ہوں آپ جو کر رہے ہیں اس سے ملک اور ادارے تباہ ہو رہے ہیں، فراڈ لوگوں کو اوپر بٹھا کر ادارے تباہ کیے جا رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ہم پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سارا معاشی نظام پی ٹی آئی نے خراب کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے الزامات پر صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اکنامک سروے آف پاکستان کی رپورٹ پڑھ لیں، (ن) لیگ والے ساڑھے 19ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کر گئے تھے، اس لیے ہمیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانا پڑا۔

عمران خان نے کہا کہ عاطف اور جنید خان کو پیغام ہے کہ وہ اینٹی کرپشن کے معاملے پر کمیٹی سے ملیں، اس معاملے کو بلاوجہ عوام میں نہ لے کر جائیں، پہلے یہ دیکھیں کہ اینٹی کرپشن کمیٹی نے یہ قدم کیوں اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی میں بریگیڈیئر (ر) مصدق، سینئر وکیل قاضی انور اور شاہ فرمان شامل ہیں، تینوں کمیٹی ممبران غیر جانبدار ہیں اور بہتر فیصلہ کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے کہ فیض حمید نے 9 مئی کی سازش کی، حالانکہ سازش پی ٹی آئی کے خلاف ہوئی، پہلی سازش یہ تھی کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے نواز شریف کے کہنے پر جنرل (ر) فیض حمید کو ہٹایا۔

انہوں نے کہا کہ دوسری سازش یہ تھی کہ ہماری حکومت میں جنرل (ر) باجوہ نے حسین حقانی کو 35 ہزار ڈالر میں لابنگ کے لیے ہائر کیا، حسین حقانی کے بعد ڈونلڈ لو کا معاملہ آیا اور ہماری حکومت گرا دی گئی۔

’9 مئی کیس ایک گھنٹے میں ختم ہوسکتا ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ تیسری سازش یہ تھی کہ چیف جسٹس کو انکوائری کا کہا گیا لیکن انکوائری کے بجائے ہم مظلوموں پر سائفر کیس کر دیا گیا، ہمارے خلاف 9 مئی کی سازش بھی کی گئی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ کیس ایک گھنٹے میں ختم ہو سکتا ہے، صر ف یہ پتہ کروائیں کہ میری گرفتاری کا حکم کس نے دیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے، لیکن اسٹیبلشمنٹ ایسا نہیں کرنے دے رہی۔

انہوں نے کہا کہ چوتھی سازش 8 فروری کا الیکشن تھا، جس میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہم الیکشن چوری کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں، یہ چیف جسٹس، سکندر سلطان راجا کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

’سب کچھ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے کیا جارہا ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب کچھ یک طرفہ چل رہا ہے، یہ سب کچھ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع اور 2 تہائی اکثریت کے لیے کیا جا رہا ہے، قاضی فائز عیسیٰ نے ہماری مزید 3 وکٹیں گرا دی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ بشری بی بی گھر سے ہی نہیں نکلتی ان کو 9 مئی کے مقدمات میں ملزم بنا دیا گیا، اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دے رہا ہوں کہ آپ ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

’انٹرنیٹ پر پابندی سے ملک کو 5 سو ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا‘

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو دبانے کے لیے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، میڈیا، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر پابندی سے ملک کو 50 کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا، جب کہ بھارت کی صرف آئی ٹی ایکسپورٹ کی مالیت 160 ارب ڈالر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت جب آئین کے مطابق فیصلہ دے تو حکومت نہیں مانتی، پھر سرمایہ کاری کیسے آئے گی، قرض لینے سے مہنگائی بڑھے گی اور ملک ڈوبے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو کہتا ہوں کہ آپ جو کر رہے ہیں اس سے ملک اور ادارے تباہ ہو رہے ہیں، فراڈ لوگوں کو اوپر بٹھا کر ادارے تباہ کیے جا رہے ہیں، نیب، پولیس اور ایف آئی اے سے غلط کام کروائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ہمیں نہیں نقصان ہو رہا، سوشل میڈیا عوام کی آواز ہے، دھاندلی کرکے جمہوریت کا گلا دبایا گیا۔

’فیض حمید کی گرفتاری سے ڈرا نہیں ہوں‘

ان کا کہنا تھا کہ جنرل فیض کی گرفتاری سے ڈرا نہیں ہوں، اگر ڈرتا تو اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ نہیں کرتا، میں آج بھی وکلا کے ذریعے آرٹیکل باہر بھجوا سکتا ہوں، اس کے لیے کسی جیل افسر کی ضرورت نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کو پیغام دینے کے لیے موبائل کی ضرورت نہیں ہے، وکلا اور پارٹی رہنماؤں کے ذریعے بھجوا سکتا ہوں، جیل میں موبائل جیمرز نصب ہیں، موبائل فون نہیں چلتا۔

عمران خان نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کو مجھ سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، انہیں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں آپ سیاست پر بات نہیں کریں گے، میں ان سے سیاست پر نہیں تو موسم پر بات کروں؟ یہ سب سے بڑا مذاق ہے، جب کہ شیر افضل مروت کو ملنے کو تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس سے متلعق ریمارکس سے واضح کہ انہوں نے جج کو واضح پیغام دیا، ہمارے خلاف یہ ریفرنس چیف جسٹس کے 23 نومبر کو دیے گئے آرڈر کے باعث بنا، یہاں ریفرنس چل رہا ہے اور چیف جسٹس اس پر ریمارکس کیسے دے سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زلفی بخاری کو کہا ہے کہ وہ بتادیں کہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا الیکشن لڑنے کو تیار ہوں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …