google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 آئی سی سی کا اجلاس، چیئرمین کے انتخابی عمل پربات چیت متوقع - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

آئی سی سی کا اجلاس، چیئرمین کے انتخابی عمل پربات چیت متوقع

آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹرز جلد منتخب کیے جائیں گے، رواں ماہ سری لنکا میں سالانہ جنرل میٹنگ میں نئے چیئرمین کے انتخابی عمل پر بات چیت متوقع ہے، جے شاہ  بھی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس رواں ماہ 19 سے 22 تاریخ تک کولمبو میں ہونا ہے،اس میں آئی سی سی بورڈ میں ایسوسی ایٹس ممالک کیلیے مختص 3 نشستوں کیلیے انتخاب ہوگا، اس وقت عمان کے پنکج کھمجی، سنگاپورین عمران خواجہ اور برمودا  کے نیل اسپائیٹ ڈائریکٹرز ہیں، اب یہ ذمہ داری سنبھالنے کیلیے یواے ای کے مبشر عثمانی سمیت 8 امیدوار میدان میں ہیں۔

اگرچہ آئی سی سی کے نئے چیئرمین کا انتخاب ایجنڈے کا حصہ نہیں تاہم نومبر میں الیکشن کا  عمل شروع کرنے پر بات ہوسکتی ہے، موجودہ سیکریٹری بی سی سی آئی کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ عالمی گورننگ باڈی کے کم عمر چیئرمین بن سکتے ہیں، جے شاہ خود بھی اس پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ،البتہ باضابطہ طورپر اپنی خواہش ظاہر نہیں کی ہے، وہ کسی بھی فیصلے  سے قبل تمام آپشنز کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ آئین مطابق اگر جے شاہ بورڈ کا صدر بننا چاہتے ہیں تو انھیں 3 برس کا کولنگ آف پیریڈ مکمل کرنا ہوگا، وہ یہ وقت آئی سی سی کے چیئرمین کے طور پر گزار سکتے ہیں، اس صورت  میں 2028 میں بی سی سی آئی کے صدر بننے کے اہل ہوجائیں گے۔

اس سے قبل بھی جے شاہ کی جانب سے آئی سی سی کا چیئرمین بننے کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں مگر وہ دنیا کے طاقتور ترین بورڈ پر اپنا کنٹرول کھونا نہیں چاہتے تھے۔

آئی سی سی نے اپنے آئین میں ترمیم کرکے کسی بھی چیئرمین کیلیے 2، 2 برس کی 3 مدتوں  کے بجائے 3، 3 برس کی 2 مدت کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس لیے جے شاہ بھی کم سے کم 3 برس کیلیے ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں،

موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ بھی ذمہ داری جاری رکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں،البتہ اگر جے شاہ نے الیکشن میں جانے کا فیصلہ کیا تو وہ بلامقابلہ منتخب  ہوسکتے ہیں ۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …