google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچواں ٹی20 میں 9 رنز سے شکست - UrduLead
پیر , دسمبر 23 2024

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچواں ٹی20 میں 9 رنز سے شکست

پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو پانچویں ٹی20 میچ میں 9 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو صائم ایوب لگاتار پانچویں اننگز میں ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف ایک رن بنانے کے بعد ولیم او رورک کی وکٹ بن گئے۔

کپتان بابر اعظم اور عثمان خان نے اس موقع پر ٹیم کو سنبھالا دیا اور دوسری وکٹ کے لیے 73 رنز کی شراکت قائم کی۔

81 کے مجموعی اسکور پر اش سودھی نے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلاتے ہوئے 31 رنز بنانے والے عثمان خان کو چلتا کردیا۔

بابر نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ فخر زمان کے ہمراہ اسکور کو 123 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر 44 گیندوں پر 69 رنز بنانے والے قومی ٹیم کے کپتان بولڈ ہو گئے۔

فخر زمان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 33 گیندوں پر 43 رنز کی باری کھیل کر پاکستان کے اسکور کو معقول مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے زکارے فولکس، ولیم او رورک، بین سیئرز، اش سودھی اور جیمز نیشام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے 4 رنز بنانے والے ٹام بلنڈل کو بولڈ کردیا۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے باوجود ٹم سیفرٹ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کپتان مائیکل بریسویل کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 76 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

اس مرحلے پر کپتان بابر اعظم باؤلنگ کے لیے شاداب خان کو لائے جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پہلی گیند پر 23 رنز بنانے والے بریسویل کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم کو سب سے بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب اسامہ میر نے 33 گیندوں پر دو چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی باری کھیلنے والے سیفرٹ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

مارک چیپمین نے 12 گیندوں پر 12 رنز بنائے لیکن اس سے قبل کہ وہ خطرناک ثابت ہوتے، اسامہ میر نے انہیں چلتا کردیا جبکہ کول میک کونچی آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم 103 رنز پر 5 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

جیمز نیشام اور جوش کلارکسن نے اسکور کو 125 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاہین نے نیشام کی 16 رنز کی اننگز کا خاتمہ کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر زکارے فولکس کی وکٹیں بکھیر دیں۔

شاہین نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے اگلے اوور میں اش سودھی کو بھی چلتا کر کے چوتھی وکٹ حاصل کی جبکہ بین سیئرز اور ولیم او روک رن آؤٹ کر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان نے 9 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز 2-2 سے برابر کردی، کلارکسن نے 38 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جبکہ اسامہ میر نے بھی دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

شاہین کو ان کی شاندار باؤلنگ پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …