منگل , جولائی 28 2026

برآمدات کے فروغ کے لیے بڑا پیکیج منظور

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے برآمدات بڑھانے کے لیے تین نئی مالیاتی اسکیموں، بجلی کے شعبے کے لیے 4 ارب روپے کی گرانٹ اور توانائی، پیٹرولیم و سماجی تحفظ سے متعلق متعدد پالیسی فیصلوں کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیر کو برآمدات کے فروغ کے لیے کم شرح سود پر مالی سہولتوں، برآمدی مراعات اور دیگر اہم معاشی اقدامات کی منظوری دے دی، جن کا مقصد ملکی برآمدات میں اضافہ اور صنعتی شعبے کی مسابقت کو بہتر بنانا ہے۔

ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وزارت خزانہ میں منعقد ہوا، جس میں وزارت خزانہ کی جانب سے پیش کردہ برآمدات کے فروغ سے متعلق تین خصوصی سبسڈی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔

منظور شدہ پیکیج میں ایکسِم بینک کے زیر انتظام ایکسپورٹ فنانس اسکیم (E-EFS) میں توسیع، لانگ ٹرم ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ فیسلٹی (LTEGFF) کا اجرا اور برآمدات میں اضافے کی بنیاد پر ریبیٹ اسکیم شامل ہیں۔ حکومت کے مطابق ان اقدامات سے برآمد کنندگان کو مقررہ کم شرح سود پر مالی سہولتیں فراہم ہوں گی، درآمدی و برآمدی شعبوں کو معاونت ملے گی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو خصوصی فائدہ پہنچے گا۔

ای سی سی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ان اسکیموں کی کارکردگی کا چھ ماہ بعد جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ان کے نتائج اور برآمدات پر اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

اجلاس میں پاور ڈویژن کی سفارش پر آزاد بجلی گھروں (آئی پی پیز) اور بڑی یوٹیلٹی کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز کی جانب سے دائر بین الاقوامی ثالثی مقدمات کے اخراجات پورے کرنے کے لیے 4 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ (TSG) کی بھی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے بند ہو جانے والی جنریشن کمپنیوں (GENCOs) کے پنشنرز کو متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کے ساتھ منسلک کرنے کی منظوری بھی دی تاکہ ان کی ریٹائرمنٹ پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی بلا تعطل جاری رہ سکے۔

ای سی سی نے وزارت پیٹرولیم کی سفارش پر رحمان-8 ایس ٹی-3 کنویں کے پب ذخیرے کو ٹائٹ گیس (ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن) پالیسی 2011 کے تحت “ٹائٹ گیس ریزروائر” قرار دینے کی بھی منظوری دی، جس سے غیر روایتی گیس کے ذخائر کی ترقی اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی متوقع ہے۔

اجلاس میں وزارت سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی کی جانب سے پیش کردہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کے مالی سال 26-2025 کے بجٹ تخمینوں اور مالی سال 25-2024 کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے وزارت پیٹرولیم کی ایک اور سمری منظور کرتے ہوئے اپریل سے جون 2026 کے دوران ایس این جی پی ایل نیٹ ورک پر آر ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھروں کو فراہم کی گئی مقامی گیس کے نرخ مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

تیل کی قیمتیں 5 فیصد سے زائد گر گئیں

امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں سے جاری کشیدگی میں عارضی کمی کے بعد …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے