منگل , جولائی 28 2026

لندن فنڈ ریزنگ: ماہرہ کو میڈیا پر تنقید کا سامنا

پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جہاں ایک طرف مداحوں نے ان کی شخصیت، لباس اور تقریب میں شرکت کو سراہا، وہیں بعض صارفین نے ان پر منافقت کا الزام بھی عائد کیا۔

ماہرہ خان نے تقریب میں معروف ڈیزائنر ثانیہ مسکتیہ کا آڑوئی رنگ کا لباس زیب تن کیا، جسے سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا گیا۔ تقریب کا مقصد امدادی فنڈز جمع کرنا تھا، جس میں بین الاقوامی کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔

تاہم تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ ماہرہ خان ایک جانب فلسطینی عوام کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم کا حصہ بن رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب وہ ماضی میں اس رائیل سے منسوب قرار دی جانے والی برانڈ L’Oréal کی تشہیر کرتی رہی ہیں اور حال ہی میں Pepsi کی ایک تشہیری مہم میں بھی نظر آئیں۔

کچھ صارفین نے تقریب کے انداز پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب غزہ کے متاثرین کی امداد سے زیادہ ماہرہ خان کی تشہیر کا ذریعہ محسوس ہوئی۔ ان کے مطابق تقریب میں اداکارہ کی پینٹنگز پیش کی گئیں، ان کے فنی کیریئر پر گفتگو ہوئی اور موسیقی پر خوشگوار لمحات بھی دیکھنے میں آئے، جسے بعض افراد نے فنڈ ریزنگ تقریب کے مقصد سے غیر متعلق قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا، “کیا لوگوں کو معلوم ہے کہ وہ لوریئل جیسے برانڈ کی تشہیر بھی کرتی رہی ہیں؟” جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، “کیا فنڈ ریزر میں رقص کرنے سے وہاں کے مسائل حل ہوں گے؟” ایک اور صارف نے لکھا، “اس تقریب میں متاثرین کے دکھ اور جذبات کم، جبکہ سیلف پروموشن زیادہ نظر آئی۔”

دوسری جانب ماہرہ خان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ کسی خیراتی تقریب میں شرکت اور فنڈز جمع کرنے کی کوشش کو مثبت انداز میں دیکھا جانا چاہیے، جبکہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید ذاتی رائے پر مبنی ہے۔

ماہرہ خان نے تاحال اس تنقید یا سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

تیل کی قیمتیں 5 فیصد سے زائد گر گئیں

امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں سے جاری کشیدگی میں عارضی کمی کے بعد …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے