
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے وفاقی حکومت کے نظرثانی شدہ پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت 28 جولائی سے پیٹرول ایک روپے فی لیٹر سستا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 3.37 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کر دیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے نظرثانی شدہ پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 3.37 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 28 جولائی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی ایکس ڈپو قیمت 335.18 روپے فی لیٹر سے کم کر کے 334.18 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جس سے صارفین کو معمولی ریلیف ملے گا۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 383.46 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 386.83 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جو 3.37 روپے فی لیٹر اضافے کے برابر ہے۔
پیٹرول زیادہ تر موٹر سائیکلوں، کاروں اور ہلکی ٹرانسپورٹ میں استعمال ہوتا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھاری مال بردار گاڑیوں، زرعی مشینری اور صنعتی شعبے کا بنیادی ایندھن ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے نقل و حمل کے اخراجات اور مہنگائی پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔
حکومت ہر پندرہ روز بعد بین الاقوامی خام تیل کی قیمتوں، روپے کی قدر اور ٹیکسوں و لیویز کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کرتی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق 28 جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
UrduLead UrduLead