جمعرات , جولائی 9 2026

فرانس، مراکش آج کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے

سیمی فائنل کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل مرحلے میں آج دفاعی چیمپئن فرانس اور مراکش کی ٹیمیں بوسٹن اسٹیڈیم میں مدِمقابل ہوں گی، جہاں فاتح ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔

یہ مقابلہ 2022 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی یاد تازہ کرے گا، جب فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر اس کے تاریخی سفر کا خاتمہ کیا تھا۔ اب اٹلس لائنز کے پاس چار سال پرانی اس شکست کا بدلہ لینے کا بہترین موقع موجود ہے۔

دیدیے دیشان کی قیادت میں فرانس کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور اپنے تمام پانچوں میچ جیت کر کوارٹر فائنل تک پہنچی ہے۔ فرانس نے اب تک 13 گول اسکور کیے ہیں، جبکہ راؤنڈ آف 16 میں سخت مقابلے کے بعد پیراگوئے کو کائیلین ایمباپے کے پنالٹی گول کی بدولت 0-1 سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب مراکش نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے گروپ مرحلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی، پھر نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی اور اس کے بعد مشترکہ میزبان کینیڈا کو 0-3 سے ہرا کر مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

فرانس کی سب سے بڑی امید اسٹار فارورڈ کائیلین ایمباپے ہیں، جو لیونل میسی اور ایرلنگ ہالینڈ کے ساتھ سات، سات گول کرکے گولڈن بوٹ کی دوڑ میں مشترکہ طور پر سرفہرست ہیں۔ عثمان ڈیمبیلے اور مائیکل اولائز بھی ٹیم کی جارحانہ لائن کو مضبوط بنا رہے ہیں۔

مراکش کی کامیابی کا انحصار ایک مرتبہ پھر مضبوط دفاع، منظم حکمت عملی اور تیز جوابی حملوں پر ہوگا۔ اشرف حکیمی، نصیر مزراوی اور عزالدین اوناحی ٹیم کے اہم کھلاڑی تصور کیے جا رہے ہیں، جبکہ کینیڈا کے خلاف دو گول کرنے والے اوناحی ایک بار پھر حریف کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

میچ سے قبل دونوں ٹیموں کو چند انجری مسائل کا بھی سامنا ہے۔ فرانس کے مڈفیلڈر اوریلین شوامینی کی شرکت مشکوک ہے جبکہ مارکس تھورام بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔ مراکش کے اسماعیل صیباری اور مدافع شادی ریاض کی فٹنس پر بھی سوالیہ نشان برقرار ہے۔

ماہرین کے مطابق فرانس تجربے، مضبوط حملہ آور لائن اور حالیہ فارم کی بنیاد پر فیورٹ ضرور ہے، تاہم مراکش پہلے بھی عالمی طاقتوں کو سخت مقابلہ دے چکا ہے، اس لیے ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

متوقع ٹیمیں:

فرانس: مائگنان، کونڈے، اوپامیکانو، سلیبا، ڈینے، کونے، رابیو، ڈیمبیلے، اولائز، بارکولا، ایمباپے۔

مراکش: بونو، حکیمی، دیوپ، ریاض (یا ہلحال)، مزراوی، العیناوی، بوعدی، دیاز، اوناحی، الخنوس، رحیمی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ارجنٹینا، میسی اور فیفا پر جانبداری کے الزامات

ورلڈ کپ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کی مصر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے