
ورلڈ کپ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کی مصر کے خلاف 2-3 کی متنازع فتح کے بعد ایک نیا تنازع سامنے آ گیا ہے، جہاں مصر کے کوچ، فٹبال ماہرین اور شائقین نے میچ آفیشلز اور وی اے آر (VAR) کے فیصلوں پر شدید سوالات اٹھا دیے ہیں۔
راؤنڈ آف 16 کے اس مقابلے میں مصر کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب وی اے آر نے غیر معمولی تاخیر کے بعد مصر کا دوسرا گول منسوخ کر دیا۔ اس فیصلے کے بعد ارجنٹینا نے واپسی کرتے ہوئے میچ جیت لیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے میچ کے بعد الزام عائد کیا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے عالمی چیمپئن ارجنٹینا اور اس کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کو ٹورنامنٹ میں برقرار رکھنے کے لیے مختلف سطحوں پر حمایت حاصل تھی۔
انہوں نے کہا کہ بعض اوقات فٹبال میں ایسے عوامل بھی اثر انداز ہوتے ہیں جو صرف کھیل تک محدود نہیں ہوتے، اور شاید میسی کو ٹورنامنٹ میں برقرار رکھنے کی خواہش نے فیصلوں پر اثر ڈالا۔
یہ تنازع ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست پر فیفا نے امریکی فارورڈ فولارن بالوگن پر عائد ایک میچ کی پابندی معطل کر دی تھی، جس کے بعد فیفا کی غیر جانبداری پر پہلے ہی سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔
کھیلوں کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مصر کے منسوخ کیے گئے گول سے قبل اگرچہ فاؤل موجود تھا، تاہم سوال یہ ہے کہ وی اے آر نے اتنی دیر بعد اس کا نوٹس کیوں لیا، جبکہ ارجنٹینا کے تیسرے گول سے قبل ہونے والے مبینہ فاؤل کو نظر انداز کر دیا گیا۔
کئی معروف فٹبال مبصرین اور سابق کھلاڑیوں نے بھی ریفری اور وی اے آر کے فیصلوں پر تنقید کی ہے۔ پرتگالی کوچ جوزے مورینیو نے مبینہ طور پر اس میچ کو “دن دہاڑے ڈکیتی” قرار دیا۔
دوسری جانب بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ وی اے آر کا فیصلہ قوانین کے مطابق تھا، تاہم ان کا بھی ماننا ہے کہ ارجنٹینا کو تقریباً تمام 50-50 فیصلوں کا فائدہ ملا۔
کھیلوں کے ماہر سائمن چیڈوک نے کہا کہ میسی بلاشبہ ورلڈ کپ کی سب سے بڑی کشش ہیں اور فیفا بھی ان کی موجودگی کو ٹورنامنٹ کے لیے اہم سمجھتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میچ فکس تھا۔ البتہ انہوں نے ریفری کے فیصلوں کو غیر معمولی اور غیر مستقل قرار دیا۔
ارجنٹینا کی اس متنازع کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید بحث جاری ہے، جہاں شائقین فیفا، وی اے آر اور ٹورنامنٹ میں شفافیت کے معیار پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
UrduLead UrduLead