بدھ , مئی 13 2026

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے امریکی امن تجویز کے جواب کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دے دیا۔

ایشیائی تجارت کے ابتدائی اوقات میں برینٹ خام تیل کی قیمت 3.33 فیصد اضافے کے بعد 104.60 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 3.35 فیصد اضافے کے ساتھ 98.62 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

قیمتوں میں یہ اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب صدر ٹرمپ نے اتوار کی شب اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں ایران کے ردعمل کو “مکمل طور پر ناقابل قبول” قرار دیا۔ تاہم انہوں نے ایرانی جواب کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی خبردار کر چکے ہیں کہ اگر جلد کسی معاہدے تک پیش رفت نہ ہوئی تو خطے میں دوبارہ فوجی کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایران نے اپنی تجویز میں تمام محاذوں پر فوری جنگ بندی، آبنائے ہرمز پر ایرانی کنٹرول اور ایرانی برآمدات پر امریکی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

خطے میں امریکہ کے اتحادی ممالک پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول یا کسی قسم کا ٹول ٹیکس ناقابل قبول ہوگا۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی سپلائی کا اہم راستہ تصور کی جاتی ہے جہاں سے امن کے دور میں دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ تیل اور گیس گزرتی رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایرانی ردعمل مسترد کرنے سے چند گھنٹے قبل ایران پر مذاکرات میں تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ واشنگٹن کا صبر ختم ہوتا جا رہا ہے۔

اب عالمی منڈیاں بدھ کو صدر ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، جہاں ایران اور آبنائے ہرمز کی صورتحال اہم موضوعات میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ مبصرین کے مطابق چین ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات مکمل طور پر ناکام ہوئے تو خام تیل کی قیمتوں میں مزید تیزی آسکتی ہے، تاہم چین کی ممکنہ سفارتی مداخلت قلیل مدت میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مالی خسارہ 9 ماہ میں 856 ارب روپے تک پہنچ گیا

مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی میں پاکستان کی مالی صورتحال شدید دباؤ کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے